منگلورو،9؍ اگست (ایس او نیوز) جانوروں کے لئے علاج و معالجہ اور طبی سہولت گھروں کے دروازے تک پہنچانے کے مقصد سے جنوبی کینرا میں 'پشُو سنجیونی' کے نام سے موبائل ایمبولینس کلینک شروع کی گئی ہے ۔
اکتوبر 2020 سے شروع کی گئی اس موبائل کلینک کے ذریعے تقریباً ایک سال کے عرصہ میں ضلع کے 70 سے زیادہ جانوروں کی سرجری انجام دینے کے علاوہ عمدہ علاج کی سہولت فراہم کی گئی ہے ۔
خیال رہے کہ جانوروں کو فریکچر ، کینسر، ٹیومر جیسے پیچیدہ مرض لاحق ہونے اور مقامی جانوروں کے اسپتال میں علاج ممکن نہ ہونے کی صورت میں اس موبائل ایمبولینس سروس کا استعمال کیا جاتا ہے ۔ محکمہ مویشی پالن کے تحت فراہم کی جارہی اس سروس کے لئے جانوروں کے مقامی جانوروں کے ڈاکٹر کو منگلورو پالی کلینک سے رابطہ قائم کرکے بیماری کی کیفیت بتانا ہوتا ہے جس کے بعد ضروری سازوسامان کے ساتھ ایمبولینس موقع پر پہنچ جاتی ہے ۔
حکومت کی طرف سے فی الحال ریاست کے 15 اضلاع میں 'پشو سنجیونی' ایمبولینس کی سروس فراہم کی جارہی ہے ۔ اب دوسرے مرحلہ میں بقیہ اضلاع میں بھی یہ سہولت فراہم کرنے کی اسکیم ہے ۔